سوپر فوڈز ۔ بلیو بیریز (Blue Berries)

بلیو بیری جسے نیل بدری بھی کہتے ہیں۔ اسے سائنسی اصطلاح میں ویکسینیم کو رِمبوسم کہا جاتا ہے۔ یہ ایک لذیزپھل ہے جوذائقے میں کھٹّے میٹھے ہوتے ہیں۔ انہیں ’’سوپر فوڈز‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔یہ سال کے بارہ مہینے اگنے والےپھولوں کے پودوں میں سے ہے۔ اس کے پودے ۴ سینٹی میٹر سے ۱۰ میٹر کی اونچائی تک ہوتے ہیں۔ یہ خاص طور پر شمالی امریکہ، یوروپ اور ایشیا میں پائے جاتے ہیں۔ بلیو بیری کے پھل کا سائز ۵ سے ۱۵ ملی میٹر ہوتا ہے۔ پک جانے پر ان کا رنگ کالا بینگنی ہوجاتا ہے۔ جبکہ اس سےپہلے یہ پیلے سبز رنگ کے ہوتے ہیں۔

بلیو بیری بہت ہی فائدے مند پھل ہے۔اس کے فائدے جاننے کے بعد آپ اسکے استعمال سے اپنےآپ کو نہیں روک پائیں گے۔بلیو بیریاںہمارے جسم کی بیماریوں سے لڑنے کی قوت (قوّتِ مدافعت) میں اضافے کا باعث ہوتی ہیں۔ ان  میں دوسرے پھلوں کے مقابلے میں بھرپور مقدار میں اینٹی آکسی ڈینٹس پائے جاتے ہیں۔جو جسم میں قدرتی طور پر پیدا ہونے والے نقصاندہ فری ریڈیکلس کو کم کرکے ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط بنا کرمختلف امراض سے لڑنے میں مدد کرتے ہیں۔ اسکے علاوہ بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرتے ہیں۔ اس میں کاپر، فینولِک اجزاء ہوتےہیں جو کینسر سے سیلز کو بڑھنے سے روکتے ہیں۔اس طرح مختلف قسم کے کینسر جیسے منہ کا کینسر، بچہ دانی کا کینسر، لیور کا کینسر وغیرہ کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ بلیو بیریز میں موجود پولی فینالس پیٹ کی چربی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ میٹابولِک سِنڈروم ہونے کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔ بلیو بیریاں وِٹامن سی کا خزانہ ہوتی ہیں۔ اس میں بیکٹریا اور وائرس سے ہونے والی بیماریوں سے لڑنے والے اجزاء پائے جاتے ہیں۔ جو ہمارے جسم کو جراثیم اور ان سے ہونے والی بیماریوں سے بچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن اے، وٹامن بی کمپلیکس، سیلینیئم، زنک وغیرہ غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں، جو ہماری دماغی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں۔اس کے علاوہ دماغی تناؤ کو کم کرنے میں بھی بلیو بیریز معاون ثابت ہوئی ہیں۔ ان میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو دوران خون کی ذمہ دار شریانوں اور وریدوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ اس لئے یہ دل کے دورے کے امکانات کو کم کرتی ہیں۔بلیو بیریز آنکھوں کی صحت کے لئے بھی کافی بہتر ثابت ہوتی ہیں۔ اس میں موجود غذائی اجزاء اور اینٹی آکسی ڈینٹس آنکھوں کی روشنی کو تیز رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ دیگر تمام بیریوں کی طرح اس میں بھی فائبر کی کافی مقدار ہوتی ہے جو ہمارے دو کھانوں کے بیچ کے وقفے میں ہمیں بھوک کے احساس کو کم کرتےہیں۔ اس میں بڑی مقدار میں مینگنیزپائے جاتے ہیں جو جسم کے میٹابولزم اور جسم کی چربی کو درست حد میں رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔بلیو بیریز جلد کو نرم اور ترو تازہ بنائے رکھتی ہیں۔ اس میں ریسویراٹرال نامی جزء،دھوپ میں موجود الٹراوائلیٹ شعاعوں کےذریعے جلد کو ہونے والے نقصانات سے بچاتا ہے۔ بلیو بیریز میں موجود غذائی اجزاء اور وٹامنز چہرے پر مہانسوں کو روکتے ہیں۔ بلیو بیریز میں گھلنے والے اور نہ گھلنے والے دونوں طرح کے مفید فائبر پائے جاتے ہیں جوہمارےجسم کے نظامِ ہضم کو بہتر بناتے ہیں۔

جو لوگ خون کو پتلا کرنے والی دوائیں استعمال کررہے ہیں ان کوبلیو بیریز کسی ماہر ِ تغذیہ یا ڈاکٹر سے مشورے کے بعد ہی استعمال کرنا چاہئے۔ ویسے بھی اس کا استعمال مناسب مقدار میں ہی ہونا چاہئے۔ تھوڑا لیکن مسلسل استعمال فائدے مند ہوتا ہے، بجائے اس کے کہ ایک ہی وقت میں بہت ساری مقدار میں کھایا جائے۔

230total visits,1visits today

Leave a Reply

Your email address will not be published.